زمان ٹاؤن کورنگی میں پانی کا بحران مصنوعی ہے،شعیب ایاز

127

کراچی(اسٹاف رپورٹر) زمان ٹاؤن میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کر کے علاقے کے عوام کو جماعت اسلامی سے وابستگی کی سزا دی جا رہی ہے۔ ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے ٹاؤن کا پانی بند کرایا گیا ہے۔ زمان ٹاؤن میں پانی کا مصنوعی بحران ختم نہیں کیا گیا تو جماعت اسلامی واٹر بورڈ کے دفاتر پر احتجاج کرے گی۔ یہ بات جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی زمان ٹاؤن کے صدر محمد شعیب ایاز راجا نے زمان ٹاؤن میں گزشتہ 6 ماہ سے پانی کے بدترین بحران پر اپنے احتجاجی بیان میں کہی۔ محمد شعیب ایاز راجا نے کہا کہ زمان ٹاؤن کورنگی لانڈھی کا ماڈل علاقہ تھا لیکن جان بوجھ کر اس علاقے کو تباہ وبرباد کیا گیا۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ یہاں سے کامیابی حاصل کی جس کی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بدترین بحران پر لوگ زمان ٹاؤن سے دیگر علاقوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمان ٹاؤن میں فوری طور پر پانی کا مصنوعی بحران ختم کیا جائے ورنہ جماعت اسلامی علاقے کے عوام کے ہمراہ واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس پر احتجاج کرے گی۔