ٹریفک حادثات اور پر تشدد واقعات میں 6 افراد جاں بحق

349

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات وواقعات کے دوران 6 افراد جاںبحق ہو گئے،تفصیلات کے مطابق تیموریہ تھانے کی حدود بفرزون سیکٹر15-A ناصرپکوان کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق ہو گیا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں مقتول کی شناخت 30سالہ عرفان ولد صدیق کے نام سے ہوئی ،پولیس کے مطابق مقتول کو محمد منیر نامی شخص نے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم گرفتار کر لیا ہے،پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، کورنگی کے علاقے بلال کالونی پختون چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ،ایس ایچ او خوشنود جاوید کے مطابق مقتول کی شناخت 35سالہ عبدالرحمن ولی کے نام سے ہوئی جسے نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کیا ہے ،مقتول ایک ہفتے قبل اپنے آبائی علاقے خیبر پختونخوابنو ںسے کام کی تلاش میں کراچی آیا تھا ،ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ۔ گلشن اقبال بلاک 13D/2کے قریب زیر تعمیر بلڈنگ سے ایک شخص کی لاش برآمدہوئی ،جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا،اسپتال میں متوفی کی شناخت 45سالہ محمد اکمل ولد پیر محمدکے نام سے ہوئی۔سپرہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب سے 32سالہ شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا،اسپتال میں متوفی کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت ہو سکے ،پولیس نے کارروائی کے بعد لاش سرد خانے میں رکھوادی ہے ۔ سپر ہائی وے تھانے کی حدود سپرہائی وے معمار موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں 50سالہ نامعلوم شخص جاںبحق ہو گیا ،کورنگی کے علاقے کورنگی بلال چورنگی کے- ای آفس کے قریب ٹریفک حادثے میں 30سالہ شخص جاںبحق ہو گیا۔ سرجانی عبداللہ موڑ کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 22سالہ عاقب ولد محمد رفیق زخمی ہوگیا ۔