ترقی یافتہ معاشرے ڈپریشن کاشکارہیں، سعیدانور

429

کراچی(پ ر) بین الاقوامی کرکٹر اور ایکسپرٹ سعید انور نے ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے تحت سیمینار ’’ متوازن اور بامقصد زندگی کیسے گزاری جائے‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکون قلب اور کامیابی سب دین و دنیا کی متوازن زندگی میں ہے۔ پوری دنیا میں ترقی یافتہ اور جدید معاشرے شدید ڈپریشن کا شکار ہو کے خودکشیاں کررہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات پورے یقین اور اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ سب سے اچھے حالات پاکستان کے ہیں، سب سے مثبت سوچ کے حامل پاکستانی نوجوان ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ خدا پر ایمان اور مشکلات میں ہمت کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے رہتے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو صحیح رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ اللہ انسان کے ساتھ ویساہی معاملہ فرماتا ہے جیسا ہم گمان رکھتے ہیں۔ ہماری قوم کو بد گمانی، جھوٹ، غیبت اور طعنہ زنی سے مکمل اجتناب کرنا ہو گایہ ہی کامیاب معاشرے کی اساس ہے۔پروگرام میں صفہ یونیورسٹی کے پرووائس چانسلرڈاکٹر احمد سعید منہاس، ڈین ڈاکٹر جوہر فاروق،تمام صدور شعبہ جات اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔