سندھ حکومت نے فنڈ ہونے کے باوجود منصوبے مکمل نہیں کیے، شہباز گل

293

کراچی: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے فنڈ ہونے کے باوجود منصوبے مکمل نہیں کیے، بلاول بھٹو زرداری ناکافی معلومات پر بیان دیتے ہیں سندھ کے عوام کا پیسہ ناجائز طور پر باہر بھیجا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ  ہم تنقید برائے تنقید کے قائل نہیں ہیں، سندھ سرکار نے صوبے کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، پیپلز پارٹی کے  زیر تسلط کراچی کے غریب عوام کا کوئی پرسان خال نہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب نے  ایک بار پھر سندھ کے حالات سے نظر ہٹانے کی کوشش کی، سندھ کی عوام نے مینڈیٹ دیا، انہیں پیپلزپارٹی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔

شہباز گل نے ایبسلوٹلی ناٹ کا لفظ استعمال کرتے ہوئے سندھ حکومت پر مزید طنز کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت کیا کرپٹ جعلی اکاؤنٹس کا جواب دےپائیں گی؟ قوم کا پیسہ لوٹنے والے مزید عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک پائیں گے؟ سندھ سرکار ہر چیز کی ذمہ داری وفاق پر ڈال کر عوام کے قہر سے بچ پائے گی؟ ایبسلوٹلی ناٹ۔