تاجر ٹریفک اور اسٹریٹ کرائم جیسے مسائل سے دوچار ہیں، عبدالسلام

92

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ نے کہا ہے کہ حیدرآباد کی تاجر برادری کے مسائل جن میں ٹریفک اور اسٹریٹ کرائم جیسے مسائل شامل ہیں کو جلد اَز جلد حل کرائیں گے۔ 300 کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار 5 سے 8 سال پہلے کراچی گئے تھے اور وہ وہاں ضم ہوگئے جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں دُشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد آبادی کے لحاظ سے بڑا شہر ہے لیکن پولیس نفری کم ہونے کے سبب اسٹریٹ کرائم بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔ اِس سلسلے میں اُنہوں نے آئی جی سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ حیدرآباد کی آبادی اور مسائل کے لحاظ سے پولیس کی نفری بڑھائی جائے۔ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹرے کے دورے کے موقع پر عہدیداران سے گفتگو کررہے تھے۔ ایس ایس پی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، کئی جرائم پیشہ گروہ تحویل میں لیے ہیں جن میں کار اور موٹر سائیکل چوری کے گینگ شامل ہیں۔ صدر چیمبر سلیم الدین قریشی نے گفتگو میں ایس ایس پی کی توجہ شہر میں ٹریفک کے مسائل، اسٹریٹ کرائم، آر آر ایف فورس کو مزید متحرک بنانے سمیت تاجروں کو درپیش مسائل اور چند گزارشات پیش کیں۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن، سابق صدور دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، اے ایس پی سٹی علینہ راجپر اور اے ایس پی یوٹی رانا محمد دلاور موجود تھے۔