صنعتوں کو گیس کی بندش آر ایل این جی مہنگی کرنے کی سازش ہے

337
جانوروں میں بیماری کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس طلب کیا جائے، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو گیس کی بندش آر ایل این جی مہنگے داموں فروخت کرنے کی سازش ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے نے سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC)کی طرف سے سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی میں باربار تعطل کے باعث اس صنعت سے وابستہ لوگوں کا کاروبار تباہ ہوگیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سندھ کو اگر اس کے جائز حق کے مطابق قدرتی گیس ملتی رہے تو کراچی کی صنعتوں کو قدرتی گیس کے پریشر میں کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے مگر گرمیوں میں بھی گیس کی سپلائی میں کمی کرکے صنعتوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ گیس کی بندش سے پبلک ٹرانسپورٹ اور عام صارفین بھی شدید متاثر ہورہے ہیں ، کراچی کی صنعتوں پر RLNGکی قیمتوں کا اضافی بوجھ ہرگز نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ ایک طرف یہ صورتحال ہے اوردوسری طرف انفرادی صنعتوں میں اگر گیس کا استعمال معمول سے کچھ بڑھ جائے تو بغیر کسی پیشگی نوٹس کے کنکشن منقطع کردیا جاتا ہے ۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ صنعتی زون کو گیس کی باربار بندش کے باعث پیداواری عمل میں مشکلات اور روکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں اور ایکسپورٹ کرنے والی صنعتوں کے لیے اپنے آرڈر بروقت پورے کرنا ممکن نہیں ہوپاتا۔