گلستان جوہر میں ابلتے گٹر لوگوں کیلیے مصیبت بن گئے

238

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نکاسی و آب میں ناکام، گٹر ابل پڑے، شہری تعفن سے پریشان ہے،گلستان جوہر بلاک 15 میںابلتے گٹر او رسڑکوں پر بہتا سیوریج کا پانی شہریوں کے لیے عذاب بن گیا ہے،گندے پانی سے اٹھنے والی بدبو اور غلاظت سے شہری سخت اذیت کا شکار ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ادارہ فراہمی و نکاسی وآب ( کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ) سیوریج کا پانی نکالنے میں ناکام ہوگیا ہے، شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں گٹر نہ ابل رہے ہوں جس کے تعفن سے عوام پریشان ہیں۔ واٹر بورڈ حکام کراچی میں ابلتے ہوئے گٹروں کا حل تلاش نہ کرسکے، کراچی کی ہر گلی اور ہر سڑک پر گٹر ابلنے کے باعث شہر کا بچا کھچا انفراسٹرکچر بھی تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔ ماہرین تعمیرات نے بہتے گٹروں کو ان کے قریب تعمیر شدہ مکانات کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔ داخلی سڑک پر گٹر ابلنے اور سیو ریج کا پانی بہنے سے گندا اور بدبو دار پانی تالاب کی شکل میں کھڑا ہے اس سڑک سے سینکڑوں گاڑیاں گزرتے ہوئے پانی کے چھینٹے اڑاتی ہیں جو پیدل چلنے والوں کے کپڑوں کو خراب کرتی ہیں۔ گلستان جوہر بلاک 15 ،گلشن امین ٹاورز کے سامنے گٹر لائن پھر سے بہنے لگی ہے، چند ماہ قبل بلدیہ شرقی نے گٹر لائن ڈالی لیکن ڈھکن نہیں لگائے اور پھر سڑک بھی بنادی گئی لیکن گٹر کے ڈھکن پھر بھی نہیں لگے بالا خر مٹی اور کچرے کے سبب ایک بار پھر گٹر بہنے لگے ہیں جس سے سڑک ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔سڑک پر مسلسل گٹر کا پانی ہونے کی وجہ سے علاقے میں مہلک وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہر لمحہ موجود ہے۔گھروں کے سامنے سیوریج لائن کا پانی پوری سڑک کو آلودہ کر رہا ہے ان کے گھروں کے سامنے روڈ پر بہنے والے گندے پانی کی وجہ سے بدبو پھیل رہی ہے ۔گلستان جوہر بلاک 15،گلشن امین ٹاورز کے رہائشیوں کی جانب سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو متعدد بار شکایات کے باوجود بھی نکاسی آب جیسے گمبھیر مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی ہے۔علاقہ مکینوں نے وزیر بلدیات اور ایم ڈی واٹر بورڈسے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کا دیرینہ مسئلہ نکاسی آب ہے اس کو فوری طور پر حل کیا جائے۔