صدر مملکت کا کراچی میں پانی کی قلت پر خدشات کا اظہار

213

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت پینے کے پانی کے معاملات پر گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس، K4 اور TP-4 منصوبوں سے متعلق تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، ایم پی اے حلیم عادل شیخ، ایم پی اے فردوس شمیم نقوی اور حبکو کے ماہرین کی 5 رکنی ٹیم اجلاس میں شریک ہوئی۔ صدر مملکت نے کراچی میں پانی کی قلت پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور پانی کی کمی ختم کرنے کیلیے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب جیسے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں پانی کے پائیدار حل کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی جس کی رپورٹ اور عملی سفارشات پر عملدرآمد کی بھی ہدایات دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندے ہونے کے ناطے ہماری ذمے داری ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔ ماہرین کی ٹیم نے صدر مملکت کو پانی کے دستیاب وسائل، جاری منصوبوں اور مستقبل کی اسکیموں کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی۔ حبکو ٹیم نے صدر مملکت کو کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ریورس اوسموس پلانٹس کی ممکنہ تنصیب کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔