اینگرو کارپوریشن کی ڈوپونٹ سیسٹین ایبل سلوشنز کے ساتھ شراکت داری

138

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈوپونٹ سیسٹین ایبل سلوشنز (DSS) اور اینگرو کارپوریشن نے رسک پر مبنی فریم ورک، پروگرام اور طریقہ کار متعارف کرانے کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس معاہدے کے تحت اینگرو کی تمام کمپنیوں میں خطرات اور حادثات سے نمٹنے کے لیے مستقل نظام لاگو کیا جائے گا۔اینگرو کارپوریشن ایک متنوع کاروباری کارپوریشن ہے جس کے توانائی اور اس سے متعلقہ انفرااسٹرکچر، فوڈ اور زرعی سلوشنز،پیٹرو کیمیکلز اور ٹیلی کمیونیکیشن انفرااسٹرکچر سمیت 4 عمودی شعبوں میں کاروبار ہیں۔ان کاروباری اکائیوں میں رسک پروفائلز اور اس سے وابستہ اہم کنڑول بڑے پیمانے پر مختلف ہوتے ہیں، اس لیے کارپوریشن رسک پرمبنی بہتری کا جامع پروگرام تیار کرنے میں سرمایہ کاری کررہی ہے جس سے اینگرو کارپوریشن اور اس کی ہر گروپ کمپنی اپنے انفرادی خطرات کی بہتر وضاحت ،متعلقہ کنٹرول اقدامات کی نشاندہی کرنے ، کنٹرول اقدامات کی سالمیت، فعالیت کی نگرانی اور رسک پر مبنی فیصلہ سازی کو بہتر بنا سکے گی۔