کاروباری طبقے کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، مرزا ندیم بیگ

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فنانس بل 2021 کے ذریعہ انکم ٹیکس آرڈیننس میں سیکشن 203(A) کے شامل کیے جانے کے بعدتاجر عدم تحفظ کاشکار ہو گئے ہیں مجوزہ قانون کے تحت اسسٹنٹ کمشنر آمدنی چھپانے پر کسی بھی شخص کی گرفتاری اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کیمیکل اینڈ ڈائز مرچنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین مرزا ندیم بیگ نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں کاروباری طبقہ کو حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ایسے موقع پر موجودہ سیکشن تاجروں کے سر پر لٹکتی تلوار ہے جس سے تاجر برادری کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے وزیر خزانہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ظالمانہ قوانین سے ٹیکس گزاروں کی تضحیک ہوگی اور ایف بی آر میں رشوت کے نئے دروازے کھلیں گے اس لئے سیکشن 203(A) اور اس سے متعلقہ تمام سیکشن کو فی الفور ختم کیا جائے اور انہیں ایکٹ کا حصہ نہ بننے دیا جائے ورنہ مذکورہ دفعہ ٹیکس دہندگان کے لیے دفعہ 302ثابت ہوگی۔