منشیات فروش 2 عورتوں اور معذور ڈکیت سمیت 40 گرفتار

156

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے مقابلوں اور چھاپوں میں 40ملزمان کو گرفتا رکرلیا،2ملزمان مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہوئے،دیگر گرفتار شدگان میں 2خواتین منشیات فروش اور معذور ڈکیت بھی شامل ہیں ، گرفتار شدگان سے بڑی تعداد میں اسلحہ ،منشیات ، مسروقہ موٹرسائیکلیں اور دوسری غیر قانونی اشیا برآمد ہوئیں ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح جمشید کوارٹر پولیس نے جہانگیر روڈ بلوچ پاڑا کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کو چیکنگ کے لیے روکنے کی کوشش کی ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم عبدالحمید ولد خان محمد کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،تاہم ا س کا ساتھی آصف مرزا موقع سے فرار ہوگیا زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ ادھر پی آئی بی کالونی پولیس نے منشیات کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر عسکری پارک کے قریب چھاپہ مارا تووہاں ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد بدنام زمانہ منشیات شبیر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جب کہ اس کا ساتھی زاہد کوہستانی فرار ہوگیا ،گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک کلو 110 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور اسلحہ برآمد کرلیا،ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی بھی کرتے تھے ۔زخمی گرفتار منشیات فروش ملزم شبیر کے خلاف غیرقانونی اسلحہ ڈکیتی منشیات سمیت آٹھ مختلف مقدمات درج ہیں۔شاہ لطیف پولیس نے علاقے میں خوف کی علامت سمجھے جانیوالے 3 رکنی اسٹریٹ کرمنلز کے گروہ ملزمان نور محمد، محمد عثمان اور ساجد حسین کو گرفتار کر لیا ملزمان کا گروہ شہریوں سے کیش، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو جاتا تھا۔ جمشید کوارٹر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں 4منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا، سکھن پولیس نے ڈکیتی کی متعدد وارادتوں میں ملوث معذور ملزم وقاص شاہ کو گرفتار کرلیا۔واردات کیلیے ملزم نے اسپیشل موٹر سائیکل تیار کر رکھی تھی۔ابراہیم حیدری پولیس نے منشیات کی سپلائی میں ملوث 2 خواتین جمیلہ اور سیما کو گرفتار کرکے 5کلو سے زائد چرس اور افیون برآمد کرلی،خواتین پیشہ ور منشیات فروش ہیں اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکی ہیں۔ جمشید کوارٹر پولیس نے4 منشیات فروشوں،سرجانی ٹاؤن سے منشیات و شراب فروشی میں ملوث2 ملزمان ،نیو کراچی پولیس بائیک لفٹنگ اور گٹکا ماوا فروشی میں ملوث 2 ملزمان ،پیرآباد پولیس نے 2ملزمان، الفلاح پولیس نے ایک موٹر سائیکل چور رفیق احمد کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی، منگھوپیر پولیس نے وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان، تیموریہ پولیس نے اسٹریٹ کرائم، منشیات اور بائیک لفٹنگ میں ملوث 4 ملزمان ،بن قاسم سے کم عمر بچے کے ساتھ بد فعلی کے مرتکب 65 سالہ ملزم ، گلبرگ پولیس نے منشیات فروش ،پاپوشنگر پولیس اور شاہراہ نور جہاں پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔