پی پی، (ن) لیگ، پی ٹی آئی کی ذہنیت جاگیردارانہ ہے، مصطفی کمال

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عوام کو اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل نہ کرنے میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف ایک جیسی ہیں۔ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف اپنی ہی جماعت کے کونسلر اور یوسی چئیر مینز کو اختیارات اور وسائل منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں کیونکہ تینوں جماعتوں کی ذہنیت جاگیردارانہ اور وڈیرانہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں سیکڑوں نوجوانوں کی پی ایس پی میں شمولیت کے موقع پر پاکستان ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ نااہل، کرپٹ اور تعصب زدہ حکمران بھی اچھی طرح یہ بات جانتے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 140A اور اٹھارہویں ترمیم میں مزید ترمیم میں ہی پاکستان کے 90 فیصد مسائل کا حل پنہاں ہے لیکن اختیارات اور وسائل پر قابض بوسیدہ نظام کی پیداوار حکمران موروثی مفادات کی خاطر ملک کو تباہ و برباد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آئین میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا پورا چیپٹر موجود ہے اس طرح آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے لیے بھی پورا ایک چیپٹر ہونا چاہیے تاکہ وزیراعظم، وزرا اعلیٰ اور گورنرز کی طرح بلدیاتی نمائندے حلف اٹھاتے ہی عوامی خدمت میں لگ جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈھائی سالوں میں پیپلز پارٹی نے تین لاکھ کے قریب نوکریاں دی لیکن اس میں کراچی اور حیدرآباد میں سے ایک آدمی کو نوکری نہیں دی گئی کیونکہ شہری سندھ کے 40 فیصد کوٹے پر بھی جعلی ڈومیسائل کے ذریعے دیہی سندھ سے پیپلزپارٹی کے ہمدردوں کو نوکری دی گئیں۔ دس سال میں وفاق سے 8ہزار ارب روپے سے زائد رقم ملنے کے باوجود سندھ انسانوں کے رہنے کے قابل نہیں رہا۔