پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کو تباہ کردیا، حلیم عادل

246

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ 13 سالوں میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے عوام کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں۔ اب بجٹ میں دیکھ لیں گے آپ نے 13 سال میں کیا گل کھلائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے چیخ چیخ کر بڑی بڑی باتیں کی ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نالے نالے کرنے والے نالوں میں بہہ جائیں گے، وزیر اعلیٰ صاحب پچھلے سال آپ نے آدھے کراچی کو نالوں میں بہادیا تھا، نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم کا تھا وہ تو جاری ہے، 38 نالے جو سندھ حکومت نے بنانے تھے وہ نہیں بناسکے، چیف جسٹس نے بھی کہہ دیا کہ سب سے زیادہ کرپشن سندھ میں ہے، اب سندھ کے اصل وزیراعلیٰ کا نام بھی سامنے آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف ادوار میں مختلف لوگ بااختیار ہوتے ہیں، ٹپی سے شروع ہونے والی کہانی اب سیٹھ یونس میمن تک آچکی ہے، سندھ میں یونس میمن کا راج ہے، مراد علی شاہ ربڑ اسٹمپ ہیں، لگتا ہے مراد علی شاہ تین دن باہر یونس میمن سے ہدایت لینے گئے تھے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مراد علی شاہ نے نفرت اور الزام تراشی کی کوشش کی ہے، سندھ کے عوام پر جتنا پیسہ لگانا ہوگا، ہم لگائیں گے،اب بجٹ میں دیکھ لیں گے آپ نے 13 سال میں کیا گل کھلائے ہیں۔