بجٹ میں 27 ارب کے نئے ٹیکس لگائے گئے ،سلیم مانڈی والا

184

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بجٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں ان ڈائریکٹ 27 ارب روپے کے ٹیکسز لگائے گئے ہیں اور حکومت کہتی ہے کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس کلیکشن سسٹم کو تباہ کردیا ‘ بجٹ 22-2021ء کاپی پیسٹ ہے ‘خام تیل پر 17 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے‘ اس سے غربت کی شرح کم نہیں ہوگی اُلٹا بڑھے گی۔آن لائن چیزیں خریدنے پر ٹیکس عاید کرنے پر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کورونا کے دوران کھانے پینے سے لیکر ہر چیز آن لائن خریدی جا رہی ہے‘ آن لائن خریداری پر ٹیکس سے اشیا نہ صرف مہنگی ہو جائیں گی بلکہ ای کامرس کو بھی شدید نقصان پہنچے گا، یہ سیلز ٹیکس نہیں ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ7 سال میں برآمدات نہیں بڑھائی جا سکیں‘ پیپلزپارٹی برآمدات کو 19 بلین سے 25 بلین پر لے کر گئی تھی‘یہاں حالات یہ ہیں کہ اوور سیز پاکستانی 25 بلین پاکستان بھیج رہے ہیں لیکن حکومتی برآمدات اس سے بھی کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہہ دیا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ غلط ہوا‘ ہمیں آئی ایم ایف سے دوبارہ رجوع کرنا پڑے گا ورنہ غربت بڑھے گی‘پتا نہیں ہم کب تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رہیں گے۔