حکومتی وزیر کا لوڈشیڈنگ کابیان زخموں پر نمک پاشی ہے‘ جماعت اسلامی

297

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ پر حکومتی وزیر کا حالیہ بیان عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، بجلی کمپنیوں نے اپنی ظالمانہ روش نہ بدلی تو جماعت اسلامی کے تحت کراچی کے بعد حیسکو اور سیپکو کے دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے وفاقی وزیر توانائی کی جانب سے ملک میں زیرو لوڈ شیڈنگ کے دعوے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت شدید گرمی کے باوجود کراچی تا کشمور سندھ میں بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، صوبائی دارالخلافہ کراچی میں5 تا10 جبکہ باقی شہروں میں15 تا 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے کاروبار اور معمول کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، اس کے باوجود کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیاں اوربل اور مختلف چارجز لگا کر عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران جہاں مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کی بات کی تھی وہاں پر ملک میں توانائی بحران سے قوم کو نجات دلانے کا بھی دعویٰ کیا تھا مگر3 سال گزر جانے کے باوجود آج بھی عوام لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں۔ حکومت اس مسئلے پر سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔ حالیہ بجٹ میں بھی بجلی لوڈ شیڈنگ و پانی بحران کے خاتمے کے لیے حکومت نے کوئی سنجیدہ حکمت عملی نہیں بنائی ہے، لائن لاسز، کرپشن و بجلی چوری کی سزا بل ادا کرنے والوں کو کیوں دی جا رہی ہے، صوبائی رہنما نے زور دیا کہ حکومت ملک میں بجلی بحران کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر کے قوم کو بجلی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات لائے۔