وہ دن گئے جب جی سیون دنیا کی قسمت کا فیصلہ کرتا تھا، چین

268

لندن(صباح نیوز)چین نے جی سیون کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دن ختم ہو چکے ہیں جب چھوٹے ممالک کے گروپ دنیا کی قسمت کا فیصلہ کرتے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے اپنے اس بیان کے ذریعے ان 7امیر ترین ممالک کو نشانہ بنایا جنہوں نے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اکٹھے کام کرنے کی کوشش کی ہے۔برطانیہ میں قائم چینی سفارتخانے کاکہنا تھا کہ ماضی میں دنیا کے فیصلے چھوٹے چھوٹے ممالک کا ایک گروہ کرتا تھا لیکن وہ دن اب گزر چکے ہیں۔تمام ملک چاہے وہ چھوٹے ہیں یا بڑے، کمزور ہوں یا طاقتور، امیر ہوں یا غریب، تمام معاملات کو سب کی مشاورت سے چلایا جانا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹے ممالک کے وضع کردہ نام نہاد اصول نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے اصولوں پر مبنی بین الاقوامی آرڈر واحد جائز عالمی نظام ہے۔