سی اے اے کاعالمی پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا وبا کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے80 فیصد عالمی پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادارے کے شعبہ ائر ٹرانسپورٹ کی نوٹم کے مطابق عالمی پروازوں پر پابندی30 جون2021ء تک لاگو رہے گی۔ صرف 20 فیصد بین الاقوامی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ بیرون ممالک سے یومیہ6 ہزار مسافروں کو پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سفری ہدایت نا مہ جاری کیا تھا، جس کے تحت23 ممالک بشمول بھارت کو کیٹیگری سی میں شامل کیا گیا تھا۔ کٹیگری سی میں جنوبی افریقا، برازیل، زمبابوے، بھارت، کینیا، تنزانیہ، رونڈا اور موزمبیق سمیت23 ممالک شامل ہیں۔ اس کیٹیگری میں شامل ممالک کے مسافروں کی آمد این سی او سی کی اجازت سے مشروط کردی گئی ہے۔ کیٹیگری سی میں شامل ممالک کے مسافروں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی برقرار ہے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا کہ کیٹیگری سی میں موجود23 ممالک کے مسافروں کی آمد این سی او سی کی اجازت سے مشروط ہے۔ سی اے اے نے کیٹیگری اے کے ممالک کی تعداد20 کردی تھی، جس کے تحت کیٹیگری اے میں شامل ممالک کے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی نہیں ہے۔ ان ممالک میں آسٹریلیا، بھوٹان چین، جاپان، سعودی عرب، سنگاپور اور سر ی لنکا سمیت دیگر ممالک میں شامل ہیں۔ سی اے اے نے کہا تھا کہ کیٹیگری بی شامل ممالک کے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ72 گھنٹے ہوگا۔