مزدوروں اور اقلیتی برادری کے نمائندوں کی دھرنے میں شرکت

209

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان کی قیادت میں مزدورں اور جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ کی قیادت میں اقلیتی برادری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔٭شدید گرم موسم اور حبس کے باوجود دھرنے کے شرکاء انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ شریک رہے ، دھرنے کا وقت 5بجے طے کیا گیا لیکن شرکاء کی بڑی تعداد 5بجے سے قبل ہی کے الیکٹرک ہیڈ آفس پہنچ گئے تھے ۔ ٭دھرنے میں قوت گویائی و سماعت سے محروم افراد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جن کے لیے ایک ترجمان بھی موجود تھا جو اشاروں سے دھرنے کی کارروائی سے ان کو آگاہ کرتا رہا ۔بعض نوجوانوں نے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے باہر سیاہ رنگ کا ایک جھنڈا لہرا دیا جس پر قاتل الیکٹرک تحریر تھا ،دھرنے کے شرکاء کے لیے پینے کا پانی کا انتظام کیا گیا تھا ، نماز عصر اور مغرب دھرنے کے شرکاء نے کے الیکٹرک کے ہیٖڈ آفس کے سامنے ہی ادا کی ۔ دھرنے کی کوریج کے لیے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں اور لائیو کوریج کے لیے DSNGکے گاڑیاں موجود تھیں ۔دھرنے میں وقفے وقفے سے کے الیکٹرک کے خلاف اور حقوق کراچی تحریک کے حوالے سے خصوصی ترانوں سمیت دیگر نظمیں بھی پیش کی جاتی رہیں جو شرکاء کے جوش و خروش میں اضافے کا باعث بنی۔پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے سیکریٹری نجیب ایوبی وقفے وقفے سے اپنے مخصوص انداز میں شرکاء سے مخاطب ہوتے رہے اور کے الیکٹرک کے خلاف اہل کراچی اور کے الیکٹرک کے ستائے ہوئے شہریوں کی ترجمانی کرتے رہے ۔ دھرنے میں شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والوں نے اپنے مسائل اور شکایات سے بھی آگاہ کیا اور لاکھوں روپے کے بھاری بھرکم بلز دکھائے اور اپیل کی کہ انہیں انصاف دلانے میں جماعت اسلامی اپنا کردار ادا کرے۔دھرنے میں شریک بعض نوجوانو ں نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس پر انڈے بھی برسائے ۔