ایم کیو ایم سندھی مہاجر فسادات کرانے کا ادارہ رکھتی ہے،صوبائی وزرا

254

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے بجٹ میں دیے گئے تمام ہندسوں کا آپس میں کوئی ربط نہیں ہے اور ہمیں یقین ہے کہ بجٹ میں گزشتہ موجودہ نااہل اور نالائق حکومت کے دیگر بجٹ کی طرح صرف عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہوگا،وفاقی حکومت کی سندھ دشمنی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس سال بجٹ میں سندھ کے لیے رکھی اسکیموں کو ایک کمپنی کی معرفت مکمل کیا جائے گا جبکہ دیگر کسی صوبے میں ایسا نہیں ہے، مردم شماری پر سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر ہم کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے اور وفاق میں وزارتوں کے مزے لینے والے نفیس لوگوں اور سندھ کے دعویداروں نے مردم شماری پر سودا کرلیاہے،موجودہ وفاقی حکومت کے رویے سے وفاق اور صوبوں کے مابین دوریاں پیدا ہورہی ہیں،سید خورشید شاہ کے بیٹے رکن سندھ اسمبلی فرخ شاہ کے خلاف نیب نیازی گٹھ جوڑ کی شدید مذمت کرتے ہیں کیونکہ چند روز قبل خود نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت عظمیٰ میں بیان دیا ہے کہ ہم نے خورشید شاہ کے خلاف تمام انویسٹی گیشن اور تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور جلد ریفرنس فائل کردیں گے، اس بیان کے بعد اسی کیس میں فرخ شاہ کی گرفتاری پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ موجودہ نااہل اور نالائق حکومت کی دشمنی کو واضح کرتی ہے،15جون کو سندھ کی قوم پرست جماعتوں اور دوسری جانب ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج کی کال دینا ایم کیو ایم کے سابق قائد الطاف حسین کی سندھی مہاجر لڑائو اور سیاست کرو کی پالیسی کا تسلسل ہے اور خدشہ ہے کہ ایم کیو ایم اپنی سیاسی شاخ کو بچانے کے لیے ایک بار پھر سندھ میں سندھی مہاجر فسادات کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ان دونوں وزرانے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔