ریلوے ملازمین کیلیے حسن اسپتال میں ویکسی نیشن سینٹر قائم

481

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن نے ڈی ایچ او ساؤتھ کے تعاون سے حسن اسپتال کراچی میں کورونا ویکسی نیشن سینٹر قائم کیا ہے۔ ویکسی نیشن سینٹر میں ریلوے ملازمین، ان کے اہل خانہ اور عام عوام کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔ ویکسی نیشن سینٹر میں روزانہ 200 افراد کی ویکسین کرنے کی گنجائش ہے اور وہاں ویکسی نیشن سے متعلق تمام ضروریات مہیا کی گئی ہیں۔حسن اسپتال اسٹاف کے 10 ممبران کو کورونا ویکسی نیشن سے متعلق آگہی دلاکر اس کام پر مامور کیا گیا ہے۔ ویکسی نیشن سوائے اتوار کے صبح 9 سے دوپہر 3 بجے تک روزانہ کی جائے گی۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز کراچی محمد حنیف گل نے حسن اسپتال کے ایم ایس اور ڈی ایم او کو ویکسی نیشن سینٹر قائم کرنے پر مبارکباد دی ہے اور انہوں نے روزانہ ویکسین کرنے کی صلاحیت کو 200 سے زیادہ بڑھانے کے احکامات دیے ہیں تاکہ کراچی ریلوے سے منسلک ہزاروں کی تعداد میں ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ویکسی نیشن جلد ممکن ہو سکے۔