قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

212

 

اور پہاڑ رنگ برنگ کے دھنکے ہوئے اون جیسے ہو جائیں گے۔ اور کوئی جگری دوست اپنے جگری دوست کو نہ پوچھے گا۔ حالانکہ وہ ایک دوسرے کو دکھائے جائیں گے مجرم چاہے گا کہ اس دن کے عذاب سے بچنے کے لیے اپنی اولاد کو۔ اپنی بیوی کو، اپنے بھائی کو۔ اپنے قریب ترین خاندان کو جو اسے پناہ دینے والا تھا۔ اور روئے زمین کے سب لوگوں کو فدیہ میں دیدے اور یہ تدبیر اْسے نجات دلا دے۔ ہرگز نہیں وہ تو بھڑکتی ہوئی آگ کی لپٹ ہوگی۔(سورۃ المعارج:9تا15)

سلیمان بن حرب، شعبہ، قتادہ، انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جس کسی میں یہ تین باتیں ہوں گی وہ ایمان کی مٹھاس (مزہ) پائے گا، وہ شخص جس کے نزدیک اللہ اور اس کا رسول تمام ماسوا سے محبوب ہو اور وہ شخص جو کسی بندہ سے صرف اللہ تعالیٰ کے لیے محبت کرے اور وہ شخص جو ایمان نصیب ہونے کے بعد کفر اختیار کرنے کو ایسا برا سمجھے جیسے کوئی آگ میں ڈالے جانے کو برا سمجھتا ہے۔(بخاری)