بیلاروسی ائرلائن کے لیے یوکرائنی فضائی حدود بند

184

کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرائن نے بیلاروس کی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کردیا۔ کیف حکام کے مطابق 29مئی سے بیلاروس جانے اور وہاں سے آنے والی تمام پروازوں کو یوکرائن کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یوکرائن کی جانب سے پابندیوں کا اعلان بیلاروس کے صدر لوکاشینکو کی طرف سے لتھوینیا جانے والی رائن ائر کی پرواز کو زبردستی اتار کر حکومت کے ناقد صحافی کی گرفتاری کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی ہوا بازی کی ایجنسی نے بھی بیلاروس کے متنازع اقدام کی تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جی 7میں شامل عالمی طاقتوں نے صحافی رومان پروٹا سیوچ کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ مونٹریال میں قائم انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کونسل کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی اے او کے رکن ملک کی جانب سے بین الاقوامی ہوابازی کے قانون کی خلاف ورزی کی تحقیقات کی جائے گی۔ واضح رہے کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو جو روس کی جانب سے بھرپور حمایت حاصل ہے۔