عوام پر مہنگائی و لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کردیا گیا، شازیہ مری

129

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کرکے حکومت عوام سے کون سا بدلہ لے رہی ہے ، لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں اور اوپر سے لوڈشیڈنگ کا بھی عذاب مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور کے الیکٹرک لوگوں کو بجلی نہیں دے رہی۔ شازیہ مری نے کہاکہ حکومت کا کام لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے نہ کہ انکی دشواریوں میں اضافہ کرنا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ۔ شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی خود تو نتھیا گلی چلے جاتے ہیں، لوگ اس گرمی میں کہاں جائیں اور طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کاجینا اجیرن کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے بعد اب اس شدید گرمی میں لوگ لوڈشیڈنگ سے بھی پریشان ہیں ،وفاقی حکومت کو فوری طور پر لوڈشیڈنگ ختم کرنی چاہیے۔