جولائی سے مارچ تک بڑی صنعتوں نے 22.4 فیصد ترقی کی ،میاں زاہد

231

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے مجموعی اقتصادی صورتحال بہتر ہو رہی ہے تاہم انڈسٹریل سیکٹر میں صرف بڑی صنعتیں ترقی کر رہی ہیں،درمیانی اورچھوٹی صنعتوں کی ترقی کے لیے بھی اقدامات ضروری ہیں،اقتصادی صورتحال میں تبدیلی کی وجہ سے درآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ بجٹ کے خسارے کو کنٹرول میں رکھا جا سکے ۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جولائی سے مارچ تک بڑی صنعتوں نے 22.4 فیصد ترقی کی ہے جو گزشتہ سال سے کم مگر خوش آئند ہے،جن شعبوں نے ترقی کی ہے ان میں تعمیرات، گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں، ٹیکسٹائل، ادویہ سازی اور فوڈ کمپنیاں شامل ہیں ،صنعتوں کی صورتحال بہتر ہے مگر روزگار کے وہ مواقع پیدا نہیں ہو رہے ہیں جن کی ضرورت ہے اس لیے ایس ایم ایز پر بھی توجہ دی جائے۔