مشروبات اور سافٹ ڈرنکس سے سرطان کا خطرہ ہوسکتا ہے: تحقیق

448

واشنگٹن: ایک نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ میٹھے مشروبات اور سافٹ ڈرنکس کی بہتات بالخصوص خواتین میں آنتوں اور معدے کے سرطان کی وجہ بن سکتی ہے۔

بین لاقوامی رپورٹس کے مطابق  اگر بالغ خواتین روزانہ ایک یا دو میٹھے مشروبات استعمال کریں تو اس سے کولوریکٹل یعنی آنتوں کا سرطان حملہ آور ہوسکتا ہے جبکہ اگر خواتین یہ عادت ترک کردیں اور کافی، کم چکنائی والے دودھ اور مکمل دودھ کا استعمال بڑھائیں تو اس سے سرطان کے خطرے کو ٹالا جاسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہےکہ جو خواتین 13 سے 18 برس تک سافٹ ڈرنک کی رسیا ہوں ان میں آگے چل کر سرطان کا خطرہ 32 فیصد تک بڑھ سکتا ہےجبکہ اس طرح وہ 50 برس کی عمر تک پہنچ کرمعدے اورآنتوں کے کینسر میں مبتلا ہوسکتی ہیں۔

دوسری جانب  ایک اور تحقیق سے ظاہر ہوا ہےکہ 1990 کے عشرے میں پیدا ہونے والی خواتین میں اس کا خطرہ یوں بھی زیادہ ہے کہ کم ازکم امریکا میں سافٹ ڈرنک کا رحجان عروج پر تھا اور اب ایسی خواتین کینسر کی شکار بھی ہورہی ہیں۔

ماہرین نے اس ضمن میں انرجی ڈرنکس، فروٹ ڈرنکس، سافٹ ڈرنکس اور اسپورٹس ڈرنکس سے بھی خبردار کیا ہے کیونکہ یہ امریکی اور مغربی کھانوں کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔

ماہرین نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اس ضمن میں انرجی ڈرنکس نیا بھیس بدل کر سامنے آئی ہیں اور صرف امریکہ میں ہی 1997 سے 2001 کے درمیان انرجی ڈرنکس کے استعمال میں 135 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے اس اہم سروے میں 116,430 امریکی خواتین نرسوں کا جائزہ لیا گیا تھا جن کی عمریں 25 سے 42 برس اس وقت تھیں جب انہیں 1989 میں پہلی مرتبہ رجسٹرکیا گیا تھا جبکہ ہر چار برس بعد تمام خواتین سے کھانے اور پینے کے معمولات پر سوالات کئے گئے تھے، 41 ہزار خواتین نے بتایا کہ جب ان کی عمریں 13 سے 18 برس تھیں تو انہوں نے روزانہ ایک سے دو مرتبہ میٹھے مشروبات نوش کئے تھے۔

ماہرین کے مطابق 24 سالہ سروے میں 109 خواتین کو آنتوں کا سرطان لاحق ہوگیا اور اس وقت تک وہ 50 برس تک نہیں پہنچی تھیں جبکہ اس کی شماریاتی تصدیق کرکے کہا جاسکتا ہے کہ اوائل عمری میں ہی میٹھے مشروبات آگے چل کر خواتین میں آنتوں اور معدے کے سرطان کی وجہ بن سکتےہیں۔