اسرائیل کی حمایت کرنے والے جان لیں ان کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتاہے، ترک صدر

327

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ جس طرح شامی سرحد کے قریب دہشت گردوں کا راستہ روکا اسی طرح مسجد الاقصیٰ کی جانب بڑھتے ہوئے ہاتھوں کو روکیں گے، اسرائیل کی حمایت کرنے والے جان لیں ایک دن ان کے ساتھ بھی ایسا ہوسکتا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق صدر طیب اردوان نے اپنی جماعت انصاف و ترقی پارٹی کے نمائندوں سے ویڈیو کانفرنس خطاب میں فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کے ساتھ عیسائیوں اور یہودیوں کے لیے بھی مقدس مقام ہے جہاں اسرائیل نامی دہشت گرد ریاست نے انسانیت سوزی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں، فلسطین میں جاری ظلم کے خلاف اگر پوری دنیا بھی خاموش ہوجائے تب بھی ہم اس ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطین پر بہیمانہ حملوں پر سیاسی مفادات کے باعث آنکھیں بند کی گئیں، اسرائیلی جارحیت پر خاموش رہنے والوں کا انجام عبرت ناک ہوگا، اسرائیل کی جانب سے بہائے جانے والے خون پر خاموش رہنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ ان پر بھی یہ وقت آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح شامی سرحد کے قریب دہشت گردوں کا راستہ روکا اسی طرح مسجد الاقصی کی جانب بڑھتے ہوئے ہاتھوں کو بھی توڑ دیں گے۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا ہر ایک حساس دل انسان پر فرض ہے۔ اسرائیل نے تمام حدیں عبور کرلی ہیں، اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہوجائیں۔

ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطین شہروں اور القدس میں جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھانا ناموس انسانیت کا فرض ہے۔