۔12 مئی کو آمر نے جمہوری کارکنوں کا قتل کرایا،سعید غنی

192

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ 12 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب ریاستی دہشتگردی کی گئی۔ 12 مئی کو ایک آمر نے اپنے دہشتگردوں کے ذریعے جمہوری کارکنوں کا قتل عام کرایا ، اس روز پولیس اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کو دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال بنا دیا گیا تھا۔ 12 مئی کا دن عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کے لیے قربانیوں کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 12 مئی کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ اس قتل عام کے بعد آمر پرویز مشرف نے کہا کہ ہم نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کے لیے 12 مئی کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ہم شہدا 12 مئی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے اپنے پیغام میں کہا کہ 12 مئی کو عدلیہ کی آزادی کا تحفظ وکلا کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے کیا اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک میں اس روز پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔