عید الفطر:طالبان کاافغانستان میں 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان

286

کابل: طالبان نے رمضان المبارک کے اختتام پر مذہبی تہوار عید الفطر کے موقع پر افغانستان میں 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امارت اسلامیہ کے مجاہدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید کے تیسرے دن تک ملک بھر میں دشمن کے خلاف تمام جارحانہ کاروائیاں بند کریں تاہم ان دنوں میں اگر دشمن آپ کے خلاف کوئی حملہ کرتا ہے تو اپنے علاقے کی مضبوطی سے حفاظت اور دفاع کے لیے تیار رہیں۔

جبکہ افغان امن عمل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے ترجمان طالبان کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی پیش رفت ہے اور ملک میں امن استحکام میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے احترام میں تین روزہ فائر بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم ان تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو تشدد میں کمی لانے کا باعث بن سکتی ہوں اور افغانستان میں پائیدار استحکام اور دیرپا امن کے حصول میں معاون ہیں۔