پانی، بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف غریب آباد میں مظاہرہ

116

کراچی(اسٹاف رپورٹر) غریب آباد میں علاقہ مکینوں نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر مظاہرہ کیا ، مظاہرے میں خواتین بچوں سمیت علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، مکینوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکے تھے۔ مظاہرے کے باعث بلوچ ہوٹل پر حسن اسکوائر کی جانب آنے اور جانے والی دونوں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہوگئیں اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ، پولیس نے مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شام شریف آباد کے علاقے غریب آباد کے علاقے بلوچ ہوٹل پر علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ کیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں پانی و بجلی کی فراہمی کئی روز سے تعطل کا شکار ہے، پانی نہ ہونے کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور وہ بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوسکی ، مجبور ہو کر انہوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ، مظاہرے کے باعث بلوچ ہوٹل سے غریب آباد اور حسن اسکوائر آنے جانے والے دونوں ٹریک بند ہوگئے ، مظاہرے کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا۔