شارجہ میں مسائل کا شکار بزرگ پاکستانی کی وزیراعظم سے اپیل

125

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شارجہ میں طویل عرصے سے مقیم لیکن قانونی مسائل کے شکار ایک بزرگ پاکستانی نے حکومت پاکستان ،دفتر خارجہ اور قونصل خانہ شارجہ کے حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے،انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کا جرمانہ ادا کرکے وطن واپس بھجوایا جائے۔وہ گزشتہ چار سال سے اپنے بیوی بچوں سے رابطہ نہیں کرسکے ہیں۔شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے عائد بھاری جرمانہ معاف کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے رہائشی سہیل خان نے وائرل ہونے والے ایک وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ شارجہ میں مقیم ہیں ،اپنی جمع پونجی ایک دکان کی خریداری میں گنوابیٹھے ہیں اور شارجہ کے پیچیدہ قانون کا شکار ہوگئے ہیں۔انہیں اب اپنی جمع پونجی کی نہیں بلکہ صرف وطن واپسی کی فکر ہے کیونکہ وہ دل کے مریض بن چکے ہیں اور چار اسٹنٹ کے ساتھ بقیہ زندگی جی رہے ہیں۔ عرب امارات کا پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل خانہ شارجہ ان کی مدد کرنے کو تیار نہیں۔ دستاویزی ثبوت کے مطابق شارجہ میونسپلٹی کے عملے نے کسی غلط فہمی کی بنیاد پر ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہوا ہے۔