تجارتی خسارے بڑھ کر 23ارب 83کروڑ ڈالر ہو گیا

224

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے تجارتی خسارے میں 2 ہندسوں کا اضافہ ہوگیاجو رواں مالی سال کے 10 مہینوں میں 21.6 فیصد اضافے کے ساتھ 23 ارب 83 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 19 ارب 59 کروڑ ڈالر تھا۔ پاکستان شماریات بیورو (پی بی ایس) کی ایک رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارہ دسمبر 2020ء سے بڑھتا جارہا ہے جسکی وجہ بنیادی طور پر درآمدات میں تیزی اور برآمدات میں سست نمو ہے۔مالی سال 2020ء میں ملک کا تجارتی خسارہ 31 ارب 82 کروڑ ڈالر سے کم ہوکر 23 ارب 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہوگیا تھا تاہم اب یہ ہدف مالی سال 2021ء کے 10 مہینوں میں عبور کرلیا گیا ہے جو بڑھتی ہوئی درآمدات کی وجہ سے سنگین بیرونی دباؤ کا اشارہ دیتا ہے۔اپریل 2021ء میں تجارتی خسارہ گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 2 ارب 24 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 33.24 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 99 کروڑ ڈالر رہا۔ماہانہ بنیاد پر اس میں 9.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔درآمدی بل میں بنیادی طور پر پیٹرولیم، گندم، چینی، سویابین، مشینری، خام مال اور کیمیکلز، موبائل، کھاد، ٹائر اور اینٹی بائیوٹک اور ویکسین کی درآمد سے اضافہ ہو رہا ہے۔