عید بازاروں میں رش ، جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں میں اضافہ

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس کے جرائم پر قابو پانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،شہر کی سڑکوں پر مسلح رہزنوں کا راج قائم ہوگیا،پولیس کی نمائشی ناکہ بندیاں بھتا خوری کا مرکزبن گئیں،2دن مسلح رہزنوں کی فائرنگ سے شہر کے مختلف مقامات پر ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کی جانب سے عید کی تیاریوں میں تیزی آنے اور بازاروں میں رش بڑھنے کے ساتھ ساتھ شہر کی بڑی مارکیٹوں کے اطراف جرائم پیشہ افراد نے بھی اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کردیا اور شہر میں لوٹ مار کی واراتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، شہر کے مختلف رہائشی علاقوں، بڑی مارکیٹوں اور بازاروں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مسلح رہزن بنا کسی خوف کے شہریوں کو سکینڈوں میں اسلحے کے زور پر قابو میں لینے کے بعد ان کو لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے جرائم میں کمی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کا دعویٰ کیا جاتا ہے لیکن شہر میں ان دنوں عملًا صورتحال اس کے متضاد ہے ،اور شہرکا کوئی علاقہ اور شاہراہ ایسی نہیں جس پر شہری بلاخوف وخطر سفر کرسکیں۔ شہریوں کے مطابق شہر میں جابجا پولیس کی ناکہ بندیاں نظر آتی ہیںتاہم ناکہ بندی کرنے والے اہلکاروں کی زیادہ دلچسپی جرائم پیشہ افراد پر قابوپانے کے بجائے شہریوں کو بلاجواز روک کر ان سے مختلف طریقوں سے خوفزدہ کر کے بھتا وصولی تک محدود ہے۔