انتخابی اصلاحات کے بجائے آئین پر عمل کرنیکی ضرورت ہے‘ شاہد خاقان

180

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جس کام کی نگرانی کا کہتے ہیں اس کا بیڑہ غرق ہو جاتا ہے‘ ملک کو کسی انتخابی اصلاحات کی ضرورت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم جس کام کی نگرانی کا کہتے ہیں اس کا بیڑہ غرق ہو جاتا ہے‘ وزیراعظم نے کہا تھا کہ رمضان میں قیمتوں کے معاملات کی نگرانی خود کروں گا اور اپریل میں سب سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ ہوئی‘ وزیراعظم نے بازاروں کا دورہ کیا‘ وہاں اشیا پڑی تھیں لیکن خریدار کوئی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 3 سال میں بجلی کی قیمت میں200 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین مسائل کا حل نہیں‘ ملک کو کسی انتخابی اصلاحات کی ضرورت نہیں ، ملک کو آئین کے مطابق چلائیں الیکشن میں دھاندلی چھوڑ دیں‘ الیکٹرونک ووٹنگ مشین بنانا حکومت اور پارلیمان کا کام نہیں‘ الیکٹرونک نظام بنانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔