وزیر اعظم نے بشیر میمن کے لگائے گئی الزامات  مسترد کردیے

427

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ بشیر میمن نے آصف زرداری سے متعلق کیسز پر ایک بار اپ ڈیٹ کیا تھا،بشیر میمن جو بھی بات کررہاہے جھوٹ ہے،بشیر میمن کو اس سے پہلے کوئی خاص جانتا تک نہیں تھا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر اعظم نے کہا کہ ایف آئی اے کے سابق ڈی جی بشیر میمن کو فائز عیسیٰ کے خلاف کبھی کیسز بنانے یا تحقیقات کا نہیں کہا،بشیر میمن صرف اومنی گروپ کے جے آئی ٹی میں پیش رفت پر بریف کرتے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بشیر میمن کو مریم نواز ، ن لیگ یا پیپلز پارٹی کے خلاف کیسز کا کبھی نہیں کہا،ریفرنس فائل کرنے کا کام بشیر میمن کا تھا ہی نہیں تو ان سے کیوں کہتا، خواجہ آصف کیس کی تحقیقات کا فیصلہ کابینہ اجلاس میں بھی کرچکے تھے،بشیر میمن کو صرف خواجہ آصف کے اقامے کے معاملے پر تحقیقات کا کہا تھا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین کے معاملے پر انصاف ہوگا،جہانگیر ترین کے حامی اراکین نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا ہے، اس معاملے پر علی ظفر دیکھیں گے کہیں کوئی اثر وسوخ تو استعمال نہیں کررہاہے۔

خیال رہے کہ  نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےبشیر میمن نے الزام لگایا تھا کہ شہزاد اکبر اور وزیر قانون فروغ نسیم نے ان پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں ایف آئی اے کے سربراہ تھے اور انھوں نے اپنی مدت ملازمت پوری ہونے سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ حکومت نے بشیر میمن کی پینشن روک دی تھی تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ان کی پینشن بحال کی گئی۔