ہرارے ٹیسٹ: زمبابوے پہلی اننگز میں 176 رنز پر ڈھیر، پاکستان نے 103 رنز بنالیے

465

ہرارے: (سید وزیر علی قادری) دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاہ آفریدی اور حسن علی کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں قومی ٹیم نے وکٹ کھوئے بغیر 103 رنز بنالیے ہیں۔

ہرارے میں کھیلے جارہے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم شاہین آفریدی اور حسن علی کی عمدہ بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم 176 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

زمبابوے کی جانب سے پرنس مسواورے اور کیون کاسوزا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم وہ بالترتیب 11، 0 پر آؤٹ ہوگئے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے رائے کایا 48 رنز بناکر نمایاں رہے۔ تریسائی مساکڈزا 14، کپتان برینڈن ٹیلر 5، مِلٹن شمبا 27، وکٹ کیپر بلے باز ریجِس چاکبوا 19،  ڈونلڈ ٹریپانو 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4،4 جبکہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی، ایک کھلاڑی کو قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے اسپنر ساجد خان نے رن آؤٹ کیا۔

زمبابوے کے پہلی اننگز کے 176 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور اس نے اب تک بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنالیے ہیں، عابد علی 56 اور عمران بٹ 43 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 73 رنز درکار ہیں، اور اس کی 10 وکٹیں باقی ہیں۔