این اے -249: پریذائیڈنگ افسران کو موبائل لوکیشن آن رکھنے کی ہدایت

139

کراچی/ اسلام آباد ( نمائندگان جسارت) الیکشن کمیشن پاکستان نے کل ہونے والے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پریزائیڈنگ افسران موبائل فون لوکیشن آن رکھیں گے اور پولیس اور رینجرز اہلکار پریذائیڈنگ افسران کے ساتھ ہوں گے اور انتخابی سامان کی وصولی، انتخاب مکمل ہونے کے بعد سامان کی واپسی تک ساتھ رہیں گے، 276 پولنگ اسٹیشنز کے باہر رینجرز اور پولیس کے اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے، پریذائیڈنگ افسران پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45 کی تصویر لیں گے اور ان ہی کی موجودگی میں ریٹرننگ آفیسر کو واٹس ایپ پر فارم 45 کی تصویر بھجیں گے، انٹرنیٹ نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر فوراً آر او کے دفتر پہنچ کر فارم 45 کی کاپی دے گا، ریٹرننگ افسر تصویر اور لوکیشن کی تفصیلات کا جائزہ لے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرنگ افسر فارنزک تفصیلات کو اپنے آفس میں کمپیوٹر پر منتقل کرے گا، پولنگ ایجنٹس پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45 وصول کیے بغیر پولنگ اسٹیشن نا چھوڑیں۔ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس اور رینجرز حکام موجود رہیں گے، شکایات کو نمٹانے کے حوالے سے سینٹرل اور صوبائی کنٹرول روم قائم کردیے ہیں۔