حکومت گستاخوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائے،مولانا ریاض سعدی

183

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر مولاناریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ حکومت رٹ بحال رکھنا چاہتی ہے تو گستاخوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائے۔انہوں نے کہاکہ مسلمان ناموس رسالت ﷺ پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتے،نبی مہربان ﷺ کی عزت وناموس پر سب کچھ قربان کردیں گے، گستاخوں کوکنٹرول کرناحکومت کا اولین فرض ہے،حکومت اگر اپنی رٹ بحال رکھنا چاہتی ہے تو ناموس رسالتﷺ ایکٹ کے مطابق گستاخان رسول کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔انہوںنے کہا آج تک کسی بھی گستاخ رسول کو سزا نہیں دی گئی اس کے باوجود توہین رسالت کے قانون کے خلاف ہرزہ سرائی کی جارہی ہے،امتناع قادیانیت ایکٹ کے باوجود کفر وارتداد کی تبلیغ کو نہ روکنا آئین اور قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ناموس رسالت ؐ ہر باضمیر مومن و مسلم کی غیرت و حمیت کا مسئلہ ہے۔مزید براں انہوں نے کہاکہ اقلیتی کمیشن کی سفارش پر قومی نصاب سے اسلامی تعلیمات کے اخراج کی تجویز قابل قبول نہیں حکومت نے اسلام اور نظریہ پاکستان کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ مولاناریاض احمدسعدی نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات سے باز رہے جو پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کو نقصان پہنچائیں پاکستان اسلام کے لیے بنانا اسلامی نظام اور اسلامی نظام تعلیم ہی اس کا مستقبل ہے۔ اگر ان اقدامات کو روکا نہ گیا تو تمام دینی مذہبی جماعتیں ملک کے مستقبل کی حفاظت کے لیے میدان میں نکلیں گی۔اقلیتی کمیشن کی سفارشات دو قومی نظریہ اورنظریاتی اساس کے خلاف ہے۔