یکساں نصاب کے نام پرسیکولرازم کافروغ قبول نہیں،حافظ امان اللہ

102

 

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ صابرنے حکومت کی جانب سے نصاب سے اسلامی مواد نکالنے کی سفارشات کومسترد کرنے کاحکومتی فیصلہ احسن اقدام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یکساں نصاب کے نام پرسیکولرازم کافروغ قبول نہیں، تعلیمی نصاب سے اسلامی مواد نکلوانے کی سازش میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ ایسی سازش کرنے کی جرأ ت نہ ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ گورنر پنجاب نے پنجاب میں اسلامیات کے سوا دیگر تعلیمی نصاب سے اسلامی مواد نکالنے کے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا۔ جبکہ گزشتہ روزپیر کوگورنر پنجاب نے شعیب سڈل کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد فوری طور پر روک دیا اور گور نر پنجاب کی ہدایت پر محکمہ ہیومن رائٹس اینڈ مینار ٹیز ڈپارٹمنٹ نے اپنا نوٹی فکیشن واپس لیتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے طلبہ ،علماء اکرام اوردیگرمکاتب فکر کے افرادنے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئندقراردیاہے۔انہوں نے کہاکہ اسلامی تعلیمات کو کسی صورت نصاب سے نہیں نکالا جائے جاسکتا اور تعلیمی نصاب میں اسلامی مواد کو صرف اسلامیات تک محدوونہ کیا جائے گا بلکہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں مواد اسلامیات کے علاوہ دیگر کتابوں میں بھی شامل کیاجائے۔اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ صابرنے اس معاملے میں ملوث افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔