بجٹ میں شامل اسکیموں پر10 ماہ گزر جانے کے باوجود کام شروع نہ ہوسکا

211

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)شہر قائد گڑھوں کا شہر بن گیا،ایدمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت نے بلدیہ عظمی کراچی کے اربوں کے فنڈز دبالیے،سینکڑوں ترقیاتی کام رک گئے ہیں۔

بلدیہ عظمی کراچی کی درخواستوں کے باوجود محکمہ فنانس سندھ کی خاموشی برقرار، رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل اسکیموں پر10 ماہ گزر جانے کے باوجود کام شروع نہ کیا جاسکا ہے،شہر قائد تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا،کروڑوں شہری حکومتی بے حسی کا شکار ہے،شہری حلقوں نے سندھ حکومت پر کراچی دشمنی کا الزام عائد کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایدمنسٹریٹر کراچی اور سندھ حکومت کی عدم توجہی اور بے حسی کے باعث دنیا کا آٹھواں بڑا شہر کراچی تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے،ایڈمنسٹریٹر کی عدم دلچسپی کے باعث حکومت سندھ نے تمام تر توجہ اندرون سندھ کے ترقیاتی کاموں پر مرکوز کررکھی ہے۔

کراچی کے بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث ترقیا تی کام بند پڑے ہوئے ہیں اور روشنیوں کا شہر کہلایا جانے والا کراچی آج گڑھوں کا شہر بن کر رہ گیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال2020-21 میں شامل سینکڑوں ترقیاتی اسکیموں پرکام شروع نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ حکومت سندھ کی جانب سے فنڈز کا عدم اجراء بتایا جاتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ترقیاتی اسکیمیں جو بجٹ میں شامل ہیں ان پر تاحال کام شروع نہ کئے جانے پر شہری حلقوں میں سخت تشویش پھیل گئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاک ایلوکیشن کا 833 ملین کا فنڈز تاحال سندھ حکومت نے جاری نہیں کیا اس کے علاوہ سابقہ رکی ہوئی اے ڈی پی کی قسطیں ادا نہ کئے جانے پر بلدیہ کراچی ٹھیکیداروں کی اربوں روپے کی مقروض ہوچکی ہے۔

کے ایم سی ذرائع کے مطابق سندھ حکومت محکمہ فنانس کو متعدد بار فنڈز کے اجراء کیلئے درخواستیں کی جاچکی ہیں تاہم سیکرٹری فنانس حسن نقوی نے اس جانب سے مکمل چشم پوشی اختیار کررکھی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے اندرون سندھ کے ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کا اجراء کیا جارہا ہے جبکہ شہر قائد کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے جس کے باعث کراچی میں بسنے والے کروڑوں شہری حکومتی بے حسی کا شکار ہیں۔

شہر یوں نے حکومت سندھ پر کراچی دشمنی کا الزام عائد کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے کراچی کی ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے جبکہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات ناصر شاہ سے کراچی کی ابتر صورتحال کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔