تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند کرنے کے دن ایک بار پھر تبدیل، اعلامیہ

518

کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں ہفتے کے دو دن کاروباری بندش کے ایام ایک بار پھر تبدیل کردیے ہیں ، اب تجارتی مراکز ہفتہ اور اتوار کے بجائے پھر سے جمعہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ  نے کراچی کے لیے کورونا ایس او پیز کے تحت نیا حکم نامہ جاری کر دیا جس میں مارکیٹوں کے اوقات کار پھر ‏تبدیل کر دئیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ہفتہ والے دن مارکیٹیں کھلیں گی اور جمعہ اور اتوار کو مارکیٹیں بند کی جائیں  گی ایسا کہا گیا ہے جبکہ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ اعلامیے کے بعد تاجر برادری کی جانب سے تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند کرنے کے ‏دنوں میں تبدیلی کے لیے نظر ثانی کی درخواست کی گئی تھی اور اس درخواست پر سندھ حکومت کی ‏جانب سے مارکیٹوں کی دن تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ‏

محکمہ داخلہ کا کہنا ہےکہ اب کراچی میں مارکیٹوں کے لیے سیف ڈیز جمعہ اور اتوار ہوں ‏گے جبکہ  حکم نامے کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کو مارکٹیں بند رکھنے کا اطلاق کراچی میں آج سے ہوگا۔

واضح رہے  اس سے قبل محکمہ داخلہ سندھ نے 16 اپریل کو ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں بند کرنے کا نیا فیصلہ ‏جاری کیا تھا، مگر چھ دن بعد ہی محکمہ داخلہ سندھ نے فیصلے میں تبدیلی کرکے اب نیا حکم نامہ جاری ‏کردیا ہے ۔

خیال رہے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے کھلنے یا ٹائمنگ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور حکم نامے کا اطلاق لازمی سروس کے اداروں، بیکری، دودھ، سبزی، پھل، میڈیکل اسٹورز، ہسپتال ، کلینکس، میڈیا کے اداروں، اخبار فروشوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر پر نہیں ہوگا۔

دوسری جانب کراچی صدر مارکیٹ میں گزشتہ روز احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں کا کہناتھاکہ مارکیٹیں رات دو بجے تک کھولنے کی اجازت نہ دی گئی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔