بالوں پر مہندی لگانے کے ٹوٹکے

262

مہندی کا صرف ایک ہی رنگ ہے!
مہندی ایک پودا ہے نہ کہ کوئی کیمیکل یا سیاہی اور پودے کا صرف ایک ہی رنگ ہوتا ہے ۔ مہندی لگانے سے بالوں کا رنگ سرخ ہو جاتا ہے ۔ مختلف برانڈز کی مہندی میں مختلف شیڈز دستیاب ہوتے ہیں ۔ سرخ کے علاو ہ تمام دیگر رنگ مہندی میں کسی اور پودے یا مصنوعی رنگ کو ملا کر بنائے جاتے ہیں ۔ کوشش کریں کہ ہمیشہ قدرتی اور سو فیصد خالص مہندی خریدیں ۔ اگر مہندی کا رنگ تبدیل کرنا چاہیں تو اس میں آملہ، کافی یا چقندر کے عرق کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔
کالی مہندی :بازار میں کالی مہندی بھی آسانی سے مل جاتی ہے۔ یہ دراصل مہندی سے نہیں بلکہ نیل کے پودے سے تیار کی جاتی ہے ۔یہ مہندی کی طرح خشک نہیں ہوتی ، اس لیے اسے گھول کر مہندی کی طرح کچھ دیر تک رکھنا ضروری نہیں بلکہ فوراًہی لگالینا ٹھیک ہے ۔ کالی مہندی لیتے ہوئے یہ ضرور دیکھ لیں کہ اس میں اجزا کونسے شامل ہیں ۔ اگر زیادہ کیمیکل کا استعمال کیا گیا ہے تو اسے بالکل نہ خریدیں۔ ہمیشہ اچھی برانڈ کی مہندی استعمال کریں ۔
بالوں کے مطابق مہندی کی مقدار :بعض لوگ مہندی کا پورا پیکٹ کھول کر بالوں پر لگا لیتے ہیں اور چند بے حد کم مقدار میں ڈرتے ڈرتے مہندی کا استعمال کرتے ہیں ۔ مہندی کی مقدار کا تعین بالوں کی لمبائی کے حساب سے کیا جاتا ہے ۔عموماًکندھوں تک کی لمبائی والے بالوں کے لیے سو گرام مہندی کافی ہوتی ہے، جبکہ کمر تک کی لمبائی کے لیے 300-350گرام مہندی سہی رہتی ہے ۔
مہندی میں لیموںکے عرق کا استعمال :لیمبو میں ایسڈک خصوصیا ت ہوتی ہیں اور اس سے بالوں میں چمک تو آتی ہے لیکن سر کی جلد خشک ہو جاتی ہے ۔ اگر پھر بھی آپ لیموں کا عرق مہندی میں استعمال کرنا ہی چاہیں تو دہی یا انڈے کے ساتھ ملا کر کریں ۔ اس سے بالوں کو ضروری نمی حاصل ہو گی ۔ مہندی کو ہلکے گرم پانی میں گھولیں۔ اس کے علاوہ اسے قہوے یا کافی کے پانی میں بھی گھولا جا سکتا ہے ۔ بہتر یہ ہے کہ ان کے ساتھ بھی تھوڑا سے دہی استعمال کیا جائے ۔
پلاسٹک کے برتن سے گریز :مہندی گھولنے کے لیے اسٹین لس اسٹیل کے برتن کا استعمال کریں ۔ اس سے رنگ آسانی سے نکل آتا ہو اور پورا استعمال ہو جاتا ہے ۔ پلاسٹک کے برتنوں پر مہندی کا داغ رہ جاتا ہے ۔
بال سیدھے ہو جاتے ہیں :جی ہاں مہندی کے استعمال سے گھنگھریالے بال سیدھے ہو جاتے ہیں ۔ جو خواتین اپنے بالوں کو سیدھا رکھناچاہتی ہیںتو وہ الیکٹرونک اسٹریٹنگ یا پارلر میں خرچہ کرنے کے بجائے خالص مہندی کا باقائدگی سے استعمال کریں ۔ جو لوگ بالوں کو گھنگریالے ہی رکھنا چاہتے ہٰں وہ مہندی میں آملے کے پاؤڈر کا استعمال کریں ۔ اس کے علاوہ آملے سے مہندی کا رنگ بھی گہرا ہو جاتا ہے ۔
کام کے ٹوٹکے :*مہندی میں چینی کے استعمال سے مہندی کا پیسٹ نرم ہو جاتا ہے اور آسانی سے بالوں میں لگ بھی جاتا ہے ۔ *اگر مہندی سے بال خشک ہو جاتے ہوں تو اس سے ایک گھنٹہ پہلے بالوں میں تیل لگا لیں ۔
اچھی اور خالص مہندی کا رنگ زیتون جیسا ہرا ہوتا ہے اور اس میں میٹھی سی خوشبو آتی ہے ۔
مہندی لگے بال دھوتے ہوئے یہ خیال رکھیں کہ مہندی اچھی طرح سے بالوں سے نکل جائے ورنہ سر پر خارش ہو سکتی ہے ۔ بال دھونے کے لیے کسی اچھے کنڈشنر کا استعمال کریں ۔
مہندی میں بہت سارے اجزاشامل نہ کریں ۔ زیادہ سے سے زیادہ ایک یا دو چیزوں کا اضافہ کریں ۔
مہندی لگانے سے پہلے بالوں کو ہلکا سا گیلا کرلیں ۔ اس سے مہندی بالوں میں آسانی سے جذب ہو جائے گی ۔