ن لیگ کا تحفظ ناموس رسالتؐ پر مشترکہ قرارداد لانے کا فیصلہ

153

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن ) نے تحفظ ناموس رسالتؐ کے معاملے پرقومی اسمبلی میں مشترکہ قرارداد لانے کے لیے حکومت سے چند وضاحتیں اور معلومات طلب کرلی ہیں ۔قومی اسمبلی میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے چیف وہیپ مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کے نام لکھے گئے خط کے متن کے مطابق حکومت سے کہا گیا ہے کہ ن لیگ تحفظ ناموس رسالتؐ پر پختہ ایمان رکھتی ہے اور ایک ایسی مشترکہ قرار داد تیار کی جارہی ہے جو کہ ایوان کے گزشتہ روز کے فیصلے کی روشنی میں عوام کی خواہشات اور مرضی کی عکاسی کرے گی ۔ایوان میں پیش کرنے کے لیے مشترکہ قرار داد کی تیاری کے سلسلے میں کچھ وضاحتیں اور معلومات درکار ہیں جو فوری بنیادوں پر فراہم کی جائیں ۔حکومت واضح کرے کہ آیا ایوان میں اس معاملے پر مزید کارروائی کا حصہ بننا چاہتی ہے؟کیا وزیر اعظم کے خطاب کو ہی حکومت کا پالیسی بیان تصور کیا جائے ؟ ،وزیر اعظم ، وزیر خارجہ ، وزیر داخلہ اور ڈی جی آئی ایس آئی ریاستی پالیسی کے بارے میں ایوان میں آکر بریف کریں ،قائد ایوان تحفظ ناموس رسالتؐ کے معاملے پر ایوان میں بحث کے آغاز کے لیے کب دستیاب ہوں گے اور اپنی حکومت کی پالیسی پیش کریں گے ؟۔ایک تنظیم کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدوں کی کاپیاں مہیا کی جائیں۔