اے اور او لیول کے طلبہ کے فزیکل امتحانات‘ فریقین سے دلائل طلب

77

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے اے اور او لیول کے طلبہ کے فزیکل امتحانات کے خلاف درخواست پر فریقین سے دلائل طلب کرلیے۔سندھ ہائی کورٹ میں اے اور او لیول کے طلبہ کے فزیکل امتحانات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں وفاقی وزارت تعلیم نے جواب جمع کرایا جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق امتحانات کی اجازت دی گئی ہے،او اور اے لیول کے امتحان کا انعقادپالیسی فیصلہ ہے،صوبائی وزرائے تعلیم کے مشترکہ اجلاس میں بھی یہی فیصلہ ہوا ہے۔دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ آپ وفاق سے ہدایت لے کر دلائل دے دیں۔عدالت نے فریقین سے دلائل طلب کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر وکلا کوآج دلائل دینے کی ہدایت کردی۔درخواست گزار کاکہنا ہے کہ کورونا کی شدید لہر کے باوجود وفاقی حکومت نے فزیکل امتحان کی اجازت دے دی،ہزاروں طلبہ کے فزیکل امتحان سے وبا پھیلنے کا خدشہ ہے۔