خالی اراضی پر جنگل تخلیق کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے،لئیق احمد

238

کراچی ( رپورٹ :محمد انور ) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے خالی اراضی پر خوبصورت پھلدار اور پھول دار جنگل تخلیق کرنے کے مصوبے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے اس مقصد کے تحت ابتدائی طور پر کلفٹن میں کراچی گرامر اسکول کے قریب واقع سات ایکڑ اراضی پر بوٹنیکل ( نباتاتی ) پارک تخلیق کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ یہ بات ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ نباتاتی پارک کے قیام سے شہر میں خصوصاً ساحل کے قریب کا ماحول آلودگی سے پاک ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا ہے کہ شہر میں خالی اراضی پر اربن فارسٹ کے قیام کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے میٹروپول ٹرائی اینگل پر پہلے میاواکی فارسٹ سے کراچی میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے 300 اربن فارسٹ لگانے کا کام شروع کردیا ہے، ہیٹ اسٹروک اور بارشوں کی کمی جیسے مسائل سے نمٹنے میں یہ جنگلات مدد فراہم کریں گے جس سے ماحول میں بہتری آئے گی اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، این ای ڈی یونیورسٹی اس سلسلے میں تکنیکی معاونت فراہم کر رہی ہے جبکہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کی مالی معاونت شامل ہے، ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے مزید بتایا ہے کہ کراچی کے پارکوں کی حالت بھی ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنائی جارہی ہے ۔