پانی مافیاکوبے نقاب کرکے عوام کوان کاحق دلائیں گے‘جماعت اسلامی

116

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پانی مافیا کے خلاف عوام کے ساتھ حق دو کراچی کے عنوان سے میدان عمل میں اتر چکی ہے، جمعہ کو نماز عصر کے بعد اہلیان ناظم آباد نمبر ایک کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔اس بات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع وسطی پبلک ایڈ کے رہنما و نائب قیم سید مظفر نے اہلیان ناظم آبادنمبر ایک کے وفد سے کیا۔انہوں نے کہاکہ پانی مافیا کے کارندے اور اْن کے مقامی ایجنٹوں کو بے نقاب کرکے عوام کو اْن کا جائز حق دلائیں گے .تفصیلات کے مطابق ناظم آباد نمبر ایک بلاک جے میںایک مکان کے اندر خفیہ پانی کے ٹینک بنائے گئے جہاں علاقے کا پانی چوری کیا جاتا اور آگے سائٹ میں بیچا جاتا تھا.محلہ کے رہائشیوں نے جماعت اسلامی کے ساتھ پانی مافیا کے اڈے کوبے نقاب کیا ۔ سید مظفر نے کہاکہ اس سنگین معاملے پر مقامی پولیس اور واٹر بورڈ حکام پانی مافیا کاساتھ دیتے ہوئے تا حال ٹال مٹول سے کام لے ر ہے ہیں لیکن جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی.انہوں نے کہاکہ پورے ناظم آباد کی پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے عبدالستار افغانی کے دور میں ہی الگ ریزروائر بنایا گیا اسکے باوجود عوام پانی جیسی ضرورت سے محروم کیوں ہیں .اس سلسلے میں واٹر بورڈ، پولیس و انتظامیہ تک تمام تحریری شکایات جمع کرائی جا چکی ہیںاور ان پر کارروائی کا انتظار ہے .جماعت اسلامی کی مہم کا مقصد کراچی کو تباہ کرنے والے تمام عناصر سے نجات دلاکر مثالی شہر بنانا ہے ۔