تحفظ ناموس رسالتؐ ایمان کی روح ہے ٗ اسما سفیر

200

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی (حلقہ خواتین)کراچی کی ناظمہ اسما سفیر نے ملکی حالت اور تحفظ ناموس رسالت ؐ کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت ؐ مسلمانوں کے ایمان کی اساس اور روح ہے، عالم اسلام کے جذبات کی شدت اور عاشقان رسول ؐکی اس حوالے سے حساسیت فطری عمل ہے۔ اس موقع پر ریاست کی جانب سے کیے گئے عہد کی پاسداری سے انکار اور غیر دانشمندانہ طرز عمل نے ملک کو انتشار سے دوچار کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست کی حیثیت ماں کی سی ہوتی ہے لہٰذا حکمت کی تدابیر اختیار کرتے ہوئے افہام و تفہیم کی جانب قدم بڑھایا جائے، تشدد کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے اپنے کیے ہوئے وعدوں کی پاسداری کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن بنایا جائے جو اس پورے معاملے کی غیر جانبدار تحقیقات کرے مزید یہ کہ ریاست کی پولیس قانون کے تحفظ کے لیے تشکیل دی جاتی ہے اسے غیر قانونی اور غیر آئینی سرگرمیوں میں نہ الجھایا جائے۔