افریقی ملک چاڈ کے صدر باغیوں سے لڑائی میں ہلاک

432

انجامینا: افریقی ملک چاڈ میں 30 سال سے برسر اقتدار اور گزشتہ روز چھٹی بار ملک کے صدر بننے والے 68 سال ادریس ڈیبی باغیوں سے لڑائی کے دوران جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فوج کے ترجمان جنرل اعظم برماندوہ نے ملک کے صدر ادریس ڈیبی کی ہلاکت کی تصدیق کردی، انہوں نے کہا کہ ادریس ڈیبی ساحل کاؤنٹی میں باغیوں سے فرنٹ لائن میں لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر باغیوں سے لڑائی کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے، انہوں نے بتایا کہ صدر ڈیبی کے 37 سالہ بیٹے اور فور اسٹار جنرل محمد ادریس جو چاڈ ملٹری کونسل کے سربراہ بھی ہیں ملک کے نئے صدر ہوں گے۔ صدر ادریس ڈیبی کی ہلاکت کے بعد فوج نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے 18 ماہ میں انتخابات کرانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ادریس ڈیبی 1990 میں فوجی بغاوت کے بعد اقتدار میں آئےتھے اور گذشتہ روز  چھٹی بار ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔