فرانس کے سفیر کو پاکستان سے نکالا جائے ،حافظ طاہر مجید

146

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید نے لاہور میں مذہبی جماعت کے کا رکنوں پر تشدد اور ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے آواز اٹھانے والوں کوگولیوں کا نشانا بنانا ظلم و بر بریت ہے۔زخمی و شہداء مساجد میں پڑے ہیں، ہسپتالوں کے دروازے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کب تک رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت و ناموس کو روندتے ہوئے دیکھیں گے اب مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا، اگر مغربی دنیا کو یہی کھیل دیکھنا ہے تو امت مسلمہ اس کیلیے تیار ہے اور ہم ہر قربانی دینے کیلیے تیار ہیں۔ فرانس کے سفیر کے مسئلے کو عزت کا مسئلہ کیوں بنایا جا رہا ہے، وہ پاکستان کے مسلمانوں کے عقیدے کو روندتا ہے اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کا مرتکب ہوتا ہے تو پھر ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے نزدیک اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت و ناموس اول اور ہماری زندگیاں بعد میں ہیں، اگر ہمارے پیغمبر کی ناموس محفوظ نہیں تو ہمیں زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اب کوئی گنجائش باقی نہیں رہی، فرانس کے سفیرکو ملک بدر کیا جائے، انہوں نے کہاکہ مغربی دنیا جانتی ہے کہ مسلمان ایک قوم ہے، مسلمان اپنی ترجیحات رکھتے ہیں اور جہاں پر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس کا مسئلہ آئے گا ،مسلمان سب کچھ لٹا نے کو تیار رہتے ہیں۔