کورونا سے مزید 73 اموات بلوچستان میں مڈل اسکول بند پشاور میں اسپتال بھرگئے

111

کراچی/ اسلام آباد/ پشاور/ لاہور/ کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جسارت/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید73مریض جاں بحق ہوگئے‘ بلوچستان میں آٹھویں جماعت تک کے اسکولز بند کر دیے گئے‘ پشاور میں خیبر ٹیچنگ اسپتال میں تمام 106بیڈز مریضوں سے بھر گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 60162 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5152 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے73 افراد انتقال کر گئے۔کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 16316 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 61437 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد82276 ہے۔ ملک بھر میں 3362 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 62845 ہو گئی ہے۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر آٹھویں جماعت تک کے اسکولز بند کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کورونا کے پھیلائو کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے‘ محکموں میں ملازمین کی تعداد کم کردی‘ ہفتے اور اتوار کو کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں کیسز کے پھیلائو کی شرح 10 فیصد تک پہنچ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بھارت سے آنے والے تمام مسافروں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عاید کر دی‘ وفاقی وزیراسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا‘ اس دوران بھارت میں کورونا کی نئی قسم کے پھیلائو پر بریفنگ دی گئی اور بھارت کو2 ہفتے کے لیے کیٹگری سی ممالک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا‘ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق پابندی بھارت سے فضائی اور زمینی راستے سے آنے والے مسافروں پر لگائی گئی ہے۔ پشاور میں خیبرٹیچنگ اسپتال میں تمام 106بیڈز مریضوں سے بھر گئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظربیڈز میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب پشاور میں کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 66 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے اور 142 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں 8 ماہ کا بچہ بھی کورونا کا شکار ہوگیا۔ میاں محمد آدم شاہ نامی بچے کا علاج گھر میں ہی جاری ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔ بچے کا خاندان پہلے سے کورونا میں مبتلا ہے۔ سابق آئی جی خیبر پختون خوا ناصر درانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے‘ وہ گزشتہ 10 روز سے میو اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا مشہود احمد خان کورونا وائرس کا شکار ہو گئے‘ طبیعت خراب ہونے پر ٹیسٹ کرایا تھا رپورٹ مثبت آئی‘ انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات و نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم ایس او پیز پر عمل نہ کرکے بہت بڑی غلطی کر رہے ہیں‘ ملک میں کورونا کی بگڑتی صورتحال سے عوام کو خبردار کردیا ہے۔ پیر کو اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ اسپتال مسلسل بھر رہے ہیں اور کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد 4500 تک پہنچ گئی ہے ‘ جب کہ آکسیجن کی فراہمی اس وقت دبائو کا شکار ہے۔ کورونا مریضوں کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر پمز اسپتال اسلام آباد کی انتظامیہ نے تمام آپریشن روک دیے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا مریضوں کے باعث پمز اسپتال پر دبائو بڑھ گیا ہے‘ ان مریضوں کو آکسیجن کی زیادہ ضرورت پڑ رہی ہے اس لیے سرجری روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔