اسلامی نظام کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے، حسین محنتی

149

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلامی نظام کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے، عوام قرآن وسنت کی بالادستی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوکھراپار ملیر میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر ناظم علاقہ ملیر صہیب بلال، علامہ ظہیر عباس ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے لوگ مہنگائی وبدامنی اور ناانصافیوں کی وجہ سے پریشان ہیں مگر حکومت صرف وزارتوں کی تبدیلی میں مصروف ہے، ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔عوام کو موجودہ حکومت نے کوئی ریلیف نہیں دیا، اس کے انتخابی نعرے دھوکا ثابت ہوئے ہیں، ہر طرف افراتفری مچی ہوئی ہے اس صورتحال میں جماعت اسلامی کی قیادت ہی ایک سہارا ہے جسے عوام نجات دہندہ سمجھتے ہیں، صوبائی امیر نے مزید کہا کہ رمضان نیکی کا مہینہ ہے، نیکی پھیلانے میں الخدمت کا ہاتھ بٹائیں، کیونکہ جب بھی قوم پر مشکل وقت آیا تو جماعت اسلامی نے محدود وسائل کے باوجود عوام کی خدمت کی ہے۔